نئی دہلی،15جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کشمیر کے حالات دنوں دن بگڑتے ہی جا رہے ہیں۔جنوبی کشمیر سب سے زیادہ متاثرہے۔وہاں کے حالات پر بات کرنے کے لئے آج جموں و کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی دہلی میں ہیں۔دوپہر کو محبوبہ نے وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں مفتی نے کہا کہ جموں وکشمیر سے دفعہ 370نہیں ہٹے گی۔واضح ہوکہ پی ڈی پی کی اتحادی بی جے پی حکومت دفعہ تین سوسترکی سخت مخالف ہے اورانتخابی منشورمیں اس نے اس دفعہ کوہٹانے کامطالبہ بھی کیاہے ۔محبوبہ کایہ بیان بی جے پی کے موقف کے خلاف ہے جس پراتحادپرسوال بھی اٹھ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کشیدگی کے پیچھے چین کا بھی ہاتھ ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کشمیر میں باہر سے دہشت گرد آ رہے ہیں۔اس کے علاوہ انہوں نے ریاست میں جاری کشیدگی کے درمیان وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی حمایت کے لئے شکریہ اداکیا۔امرناتھ مسافروں کی بس پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کے چار دن بعد محبوبہ دہلی پہنچی ہیں. وہیں، حملے کے بعد مرکزی حکومت نے وزیر اعلی محبوبہ مفتی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے حالات کو اچھی طرح سنبھالا اور ضرورت مندوں تک مدد پہنچائی۔بتا دیں کہ مرکزی حکومت نے چین کے ساتھ جاری کشیدگی اور کشمیر کے حالات کی معلومات دینے کے لئے جمعہ کواپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ ملاقات کی۔اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں نے قومی مسائل پر حکومت کو ساتھ دینے کا بھروسہ دیا۔